فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ ہیلتھ کے ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں سی ای او ہیلتھ آفس میں احتجاج’ اپ گریڈیشن’ ایل بی آر’ ڈیتھ گرانٹ’ میرج گرانٹ اور دیگر حقوق نہ ملنے پر محکمہ صحت کی لیڈی سپروائزر’ لیڈی ہیلتھ ورکرز سراپا احتجاج’ حکومت اور محکمہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتی رہیں۔ احتجاجی خواتین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ محکمہ ہیلتھ کی خواتین ورکرز کا کہنا ہے کہ تمام محکموں میں خواتین کو اپ گریڈ کیا اور ریٹائرمنٹ کے وقت ایل بی آر بھی نہیں دی جا رہی اور جو ملازمین دوران سروس فوت ہو چکے ہیں ان کی ڈیتھ گرانٹ کے کیسز بھی التواء کا شکار ہیں۔ جبکہ جن ملازمین کی بچوں کی شادی ہو چکی ہے اور انہوں نے حکومت کی طرف سے ملنے والی میرج گرانٹ کیلئے اپلائی کیا ہوا ہے، کئی سال گزرنے کے باوجود ان کے کیسز ابھی تک پینڈنگ چلے آ رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے افسران خواتین ورکرز کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔




