بس کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار اور موٹر وے پر کار الٹنے سے 2خواتین جاں بحق،7زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تیز رفتار بس کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل اور موٹروے پر کار الٹنے سے 2خواتین جاں بحق’ 7افراد بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق مدینہ ٹائون کا بشیر احمد اپنی اہلیہ نازیہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ راجباہ روڈ لنڈا بازار کے قریب پہنچا تو عقب سے آنیوالی بس کی ٹکر لگنے سے میاں بیوی زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال لایا گیا جہاں پر 46سالہ نازیہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی جبکہ لاہور کی عظمیٰ کار پر سوار ہو کر خانیوال جا رہی تھی کہ جب وہ سمندری کے علاقہ 176گ ب موٹروے پر پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث کار کا ٹائر پھٹنے سے کار الٹ گئی، اس میں سوار ایک ہی خاندان کے 6افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچی تو 55سالہ ممتاز بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھی جبکہ دیگر محمد علی’ تسلیم محمود’ رضیہ بی بی’ کرن اور مریم بری طرح زخمی ہو گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں