NA-104سے راجہ دانیال کو ٹکٹ دینے پر لیگی کارکنوں کے شدید تحفظات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے 3حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے مسلم لیگ (ن) نے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے، راجہ دانیال ریاض کو ٹکٹ دینے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے شدید تحفظات۔ تفصیل کے مطابق 23نومبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں۔ این اے104 سے سابق ایم این اے راجہ ریاض احمد کے بیٹے راجہ دانیال ریاض’ این اے96 سے طلال چوہدری کے بھائی بلال بدر چوہدری اور پی پی98 سے آزاد علی تبسم کو ٹکٹ دیا گیا ہے، این اے104 سے راجہ ریاض احمد کے بیٹے راجہ دانیال ریاض کو ٹکٹ دینے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے شدیدتحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور کارکن اس حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹیں کر کے اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ قائدین کا راجہ دانیال ریاض کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ درست نہیں ان کی پارٹی کیلئے کوئی خدمات نہیں ہیں، یہ اسی حلقے سے پہلے بھی الیکشن ہار چکے ہیں، بار بار پارٹیاں بدلنے کے باعث حلقہ کے عوام اور ووٹرز ان سے ناراض ہیں۔ این اے104 سے رانا احسان افضل موزوں ترین امیدوار تھے ان کے خاندان کی پارٹی کیلئے لازوال قربانیاں ہیں اور وہ ہر مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ان کی حلقہ کے عوام میں بھی ”گڈول” ہے ان کو ٹکٹ نہ دیکر ان سے زیادتی کی گئی ہے۔ دوسری جانب کارکن پی پی98 سے آزاد علی تبسم کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ درست قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے یہ پارٹی قیادت کا بہترین فیصلہ ہے، آزاد علی تبسم پی پی98 سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں