فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانیوالے تین ون ڈے میچز کیلئے سکیورٹی کے ہائی فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ یہ میچز 4، 6 اور 8نومبر کو اقبال سٹیڈیم میں کھیلے جائینگے۔ فیصل آباد میں مہمان ٹیم کو VVIP پروٹوکول اور سکیورٹی دی جائے گی۔ ائیرپورٹ سے لے کر سرینا ہوٹل تک اور سرینا ہوٹل سے لیکر اقبال سٹیڈیم تک سکیورٹی کے حصار میں ٹیموں کو پہنچایا جائے گا۔ اقبال سٹیڈیم سے ملحقہ تمام مین روڈز میچز کے روز بند رہینگے اور ملحقہ تعلیمی اداروں میں بھی چھٹیاں ہونگی۔ اقبال سٹیڈیم میں واقع دکانوں کو پہلے ہی 9نومبر تک بند کروانے کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ سرینا ہوٹل اور اقبال سٹیڈیم سے ملحقہ علاقوں کے رہائش پذیر افراد سے قومی شناختی کارڈ لیے جا رہے ہیں اور انہیں پابند کیا جا رہا ہے کہ میچز کے دوران اپنے گھروں میں آنے والے مہمانوں کا اندراج متعلقہ پولیس اسٹیشن میں کروائیں۔ 5ہزار سے زائد پولیس ملازمین سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے اس کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے دستے بھی کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔ دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی جانب سے پاکستان اور سائوتھ افریقہ کی ٹیموں کے مابین ون ڈے کرکٹ سیریز کے حوالے سے جامع ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے اس سلسلہ میں تین بڑی جگہوں پر پارکنگ ایریاز جنرل ٹریفک کے لیے مختص کیے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے کیا انہوں نے بتایا کہ سرگودھا روڈ، ملت روڈ شیخوپورہ روڈ اور ڈائیو روڈ سے آنے والے تمام شہریوں کی گاڑیاں جیل روڈ پر زرعی یونیورسٹی کے نیزہ بازی گرئوانڈ میں پارک کی جائیں گی جبکہ جھنگ روڈ، ڈجکوٹ روڈ اور امین پور روڈ سے آنے والے شہری اور شائقین کی گاڑیاں دھوبی گھاٹ گرائونڈ میں جبکہ جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ اور ستیانہ روڈ سے آنے والے شہریوں کی گاڑیاں ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے گرائونڈ میں پارک کی جائیں گی جہاں سے ٹکٹ کے حامل شہریوں کو شٹل سروس کے ذریعے اقبال سٹیڈیم تک لے جایا جائے گا اور واپس لایا جائے گا اس سلسلہ میں جیل روڈ پر ڈی پی ایس موڑ، ظفر علی موڑ اور موڑ مسجد ابراہیمی پر ڈیورشنز دی جائیں گی جبکہ دوسری جانب پرانا جی ٹی ایس چوک بھی ڈائیورشن ہوگی اس کے ساتھ ساتھ لنڈا موڑ پر بھی جانب سٹیڈیم ڈائیورشن دی جائے گی اسی طرح ریاض شاہد چوک بھی ڈائیورشن ہوگی شہری اپنی گاڑیاں مخصوص کردہ پارکنگ ایریاز میں ہی پارک کریں اور اس کے بعد شٹل سروس کے ذریعے اقبال سٹیڈیم میچ دیکھنے کے لیے آئیں۔




