عالمی درجہ بندی میں انڈیا کے پاسپورٹ کی مسلسل تنزلی

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال کے آغاز میں انڈیا کے ایک ٹریول اِنفلوئنسر (سفری شعبے میں اثر و رسوخ رکھنے والے شخص) کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ انڈیا کے کمزور پاسپورٹ پر شکایت کا اظہارکرتے دکھائی دیے تھے۔اس ویڈیو کلپ میں ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بھوٹان اور سری لنکا جیسے ہمسایہ ممالک انڈیا کے سیاحوں کو لچکدار اور آسان سفری سہولیات پر مبنی سہولیات فراہم کرتے ہیں تاہم زیادہ تر مغربی اور یورپی ممالک کے ویزے حاصل کرنا اب بھی انڈین شہریوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔انڈیا کے پاسپورٹ کی کمزور حیثیت پر ان کے اس بیان کی تصدیق ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ رپورٹ سے بھی ہوتی ہے جو دنیا بھر کے پاسپورٹس کی ویزا فری سفر کی بنیاد پر درجہ بندی کرتا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق انڈیا 199 ممالک میں سے 85 ویں نمبر پر ہے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال پانچ درجے نیچے آ گیا ہے۔انڈین حکومت نے ابھی تک اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ بی بی سی نے اس پر ردعمل کے لیے وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔دوسری جانب اگر پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ کا جائزہ لیں تو ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ رپورٹ کے مطابق سا 2024 میں گرین پاسپورٹ کی رینکنگ 101 پر تھی جو دو درجے نیچے گر کر 2025 میں 103 پر آ گئی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس انڈیکس میں روانڈا کے پاسپورٹ کی درجہ بندی 78 ، گھانا 74 اور آذربائیجان 72ویں نمبر ہے۔ یہ وہ ممالک ہیں جن کی معیشتیں انڈیا کے مقابلے میں کہیں چھوٹی ہیں جبکہ انڈیا کا شمار دنیا کی پانچویں بڑی معیشت والے ملک میں ہوتا ہے۔گزشتہ دہائی میں انڈیا کی درجہ بندی زیادہ تر 80 ویں نمبر کی حد میں رہی ہے اور 2021 میں یہ گر کر 90ویں نمبر تک آ گئی تھی۔یہ اعداد و شمار جاپان، جنوبی کوریا اور سنگاپور جیسے ایشیائی ممالک کے مقابلے میں خاصے کمزور ہیں جو ہمیشہ پاپسورٹ کی درجہ بندیوں میں ہمیشہ نمایاں پوزیشن پر رہے۔گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سنگاپور نے فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی جس کے شہری 193 ممالک میں بغیر ویزے کے سفر کر سکتے ہیں۔جنوبی کوریا کا پاسپورٹ 190 ویزا فری ممالک کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ جاپان کا پاسپورٹ رکھنے والے 189 ممالک میں بعیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔دوسری جانب انڈیا کا پاسپورٹ رکھنے والے شہری صرف 57 ممالک میں بغیر ویزے کے داخل ہو سکتے ہیں بالکل اسی طرح جیسے موریطانیہ کے شہری، جو انڈیکس میں انڈیا کے ساتھ 85 ویں نمبر پر موجود ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں