فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تین میچز کی ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کی فیصل آباد سے واپسی’ سکیورٹی کے نام پر آدھا سے زائد شہر بند’ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کی آج ائیرپورٹ سے واپسی کیلئے ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس نے رات گئے ہی راستوں کو بند کرنا شروع کر دیا، ائیرپورٹ چوک پر کنٹینر لگا کر جھنگ روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا جس کے باعث جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر شہروں سے آنیوالی ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی۔ ائیرپورٹ چوک سے سرینا ہوٹل تک مین سڑک سے ملحقہ گلیاں اور سڑکیں بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دی گئیں جس کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔تقریباً آدھا سے زائد شہر بند ہو گیا۔ اقبال سٹیڈیم میں میچز کے دوران بھی سکیورٹی کے نام پر راستوں کی بندش معمول رہا جس سے لوگوں کا نظام زندگی اور کاروبار تباہ ہو گئے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کرکٹ ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے راستوں اور شہر کو بند کرنا کہاں کی عقلمندی ہے۔ شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر کے بہترین سکیورٹی کا راگ الاپنے والے ہوش کے ناخن لیں۔ کس ”کارنامے” پر سکیورٹی اداروں کو شاباش دی جا رہی ہے۔




