چوہدری شیر علی میراقیمتی اثاثہ،انکی رہنمائی سے کامیابی ملی،میاں طاہر جمیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میاں طاہر جمیل کی ضمنی الیکشن میں کامیابی کے فوری بعد اپنے مرحوم والد محترم کی قبر پر حاضری’ پھر والدہ محترمہ کو ملنے گئے اس کے بعد چوہدری شیر علی کو مبارکباد دینے ان کے گھر پہنچ گئے۔ تفصیل کے مطابق پی پی115 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں طاہر جمیل نے ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی کے بعد اپنے بیٹے میاں آفاق طاہر کے ہمراہ اپنے مرحوم والد کی قبر پر حاضری دی اور ان کیلئے دعائے مغفرت کی اس کے بعد میاں طاہر جمیل اپنی والدہ محترمہ کو ملنے گئے اپنی کامیابی پر ان کو مبارکباد دی جس پر ان کی والدہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے میاں طاہر جمیل کو ڈھیروں دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ خوشیاں اور کامیابیاں دے۔ اس کے بعد میاں طاہر جمیل اور بیرسٹر آفاق طاہر اپنے قائد چوہدری شیر علی کو اپنی کامیابی پر خصوصی مبارکباد دینے کشمیر ہائوس پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چوہدری شیر علی صرف میرے رہنما نہیں بلکہ میرا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی محنت’ اعتماد اور دست شفقت نے ہمیشہ میرا حوصلہ بڑھایا، آپ کی رہنمائی کے باعث آج میرا سیاسی سفر مزید مضبوط ہو گیا، اﷲ تعالیٰ ان کا سایہ ہمیشہ ہمارے سروں پر قائم رکھے، آمین۔ چوہدری شیر علی نے بھی میاں طاہر جمیل کو ضمنی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور انہیں ہدایت کی کہ آپ اسی طرح محنت اور لگن سے کام کرتے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں