لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ این سی اے کیمپ گراونڈ تک ہی محدود نہیں تھا بلکہ کھلاڑیوں کے لیے انگلش کی کلاسز اور دماغی طور پر مضبوط کرنے کے لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری رہا۔سلمان علی آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ این سی اے کیمپ میں گراونڈ سے ہٹ کر بھی ہمیں لیکچرز دیے جا رہے ہیں، ہماری انگلش کی کلاسز بھی ہوتی ہیں، دماغی طور پر مضبوط کرنے کے لیکچرز ہوئے، ماہرین نے ہمیں بتایا ہے کہ دباو کا کیسے مقابلہ کرنا ہے، ذہنی طور پر مضبوط ہوئے ہیں، کیمپ میں ہر اس چیز پر فوکس کیا گیا ہے جس کی پرو فیشنل کھلاڑیوں کو ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے فٹنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ضرور تینوں فارمیٹ کھیلتا ہوں، لیکن اس وقت میرا فوکس صرف ریڈ بال کرکٹ ہے، تینوں فارمیٹ کھیلنے کے لیے ہی نہیں بلکہ فٹنس ویسے ہی بہت ضروری ہے۔، فٹ نہیں ہوں گے تو انجری ہو گی، پروفیشنل ہیں، ہمیں پیسہ ملتا ہے، اس کے لیے فٹ رہنا ہے، ہم بچپن سے جو چاہ رہے تھے وہ ہمیں مل رہا ہے، تو پھر ہماری ذمے داری ہے کہ ہم خود کو فٹ رکھیں۔




