کھادوں کے استعمال کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور زراعت کو منافع بخش کاروبار بنانے کے لئے پریسیئن ایگریکلچر کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کے دورے کے دوران نئی ٹیکنالوجیز کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور پانی کی کمیابی جیسے مسائل کے پیش نظر ہمیں زراعت میں جدت کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کھادوں اور سپرے کا بے جا استعمال نہ صرف لاگت میں اضافے کا باعث بنتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ صحت کے بھی مسائل کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم مناسب سپرے، کھادوں کے استعمال کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کریں تو اس سے زراعت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی کو رواج دینے کے لئے اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے کسان 360ایپ کا اجراء کیا ہے جہاں کاشتکاروں کو کھادوں، پانی اور دیگر زرعی ان پٹس کے بارے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں