فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرونشیل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے دو اضلاع میں لینڈ فل سائٹس کے قیام کے لئے4۔ارب 35 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی ہے جن میں سے ایک لینڈ فل سائٹ فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر لکھوآنہ کے مقام پر قائم ہوگی۔ 150،ایکڑ اراضی پر قائم ہونے والی لینڈ فل سائٹ میں روزانہ11 سو ٹن کوڑا ڈمپ کرنے کی گنجائش ہوگی جبکہ کوڑا/کچرا کی ری سائیکلنگ کا منصوبہ بھی اس میں شامل ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ فیصل آباد میں لینڈ فل سائٹ کی اشد ضرورت تھی اور پرونشیل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی طرف سے لینڈ فل سائٹ کے لئے فنڈز کی منظوری اہم پیش رفت ہے۔اس منصوبے پر منظور شدہ ڈیزائن اور پلان کے مطابق جلد کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گائیڈ لائینز کے مطابق لینڈ فل سائٹ کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کرایا جائے گا جس کی بدولت ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا۔




