نجی سکیورٹی کمپنی(فائر وال)نے12گارڈز کی3ماہ کی تنخواہیں دبالیں

جڑانوالہ(نامہ نگار)پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی (فائر وال) نے 3ماہ کی بقایا تنخواہیں ادا کئے بغیر ٹی ایچ کیو ہسپتال میں تعینات 12سیکیورٹی گارڈز کو فارغ کر دیا،عوام کی سیکیورٹی پر مامور سیکیورٹی گارڈ کی تعداد 17سے کم ہو کر 5رہ گئی، نوکری سے فارغ ہونیوالے 12افراد کا وزیر اعلیٰ پنجاب،صوبائی وزیر صحت پنجاب، ڈائریکٹر(پی ایم یو)پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل جڑانوالہ کے واحد ٹی ایچ کیو ہسپتال کے مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں ایک طرف بجٹ میں کمی کے باعث عوام الناس کو علاج معالجہ کی سہولیات اور مفت ادویات کی کمی کا سامنا ہے تو دوسری جانب پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی(فائر وال)نے ڈاکٹرز پیرا میڈیکل اسٹاف اور مریضوں کی حفاظت پر معمور 17 سیکیورٹی گارڈز مرد/خواتین کی تعداد کم کرکے 5 کر دی ہے سیکیورٹی گارڈز کی کمی کے باعث ٹی ایچ کیو ہسپتال کے مردانہ/زنانہ/ایمرجنسی وارڈز میں داخل مریضوں کیساتھ ساتھ ڈیوٹی ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں جبکہ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی نے 3 ماہ کی تنخواہیں ادا کئے بغیر 12 سیکیورٹی گارڈز کو فارغ کر دیا ہے جسکے باعث نوکری سے فارغ ہونیوالے 12 افراد مرد/خواتین نہ صرف بے روزگار ہو چکے ہیں بلکہ 3 ماہ کی بقایا تنخواہوں کی ادائیگیاں نہ ہونے پر انکی مشکلات میں مزید اضافہ ہو چکا ہے پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی کی جانب سے نوکری سے فارغ کئے گئے 12 افراد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر،ڈائریکٹر(پی ایم یو) پنجاب سے اس گھمبیر صورتحال کا فی الفور نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انکے 3 ماہ کے بقایا جات تنخواہوں کی ادائیگیاں یقینی بنائی جائے اور انکو دوبارہ سیکیورٹی گارڈ کی نوکریوں پر بھی بحال کیا جائے تاکہ وہ باعزت روزگار کما سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں