عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے

کمالیہ(نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے تحصیل کمالیہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقرا ناصر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظامی امور اور عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اقبال بازار، جناح پارک، محمود پارک اور ذیشان کالونی پارک کا دورہ کیا جبکہ روشن شاہ، محمود بھٹی اور ذیشان کالونی قبرستانوں کا بھی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات، قبرستانوں کی حدود، سڑکوں کی مرمت، روڈ مارکنگ اور اقبال بازار میں جاری بیوٹیفیکیشن کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے پارکس میں واکنگ ٹریک، لائٹس، بچوں کے جھولے ، اوپن لائبریری، گرین بیلٹس اور بینچز کی بہتری کے احکامات جاری کیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارکس اور عوامی مقامات کی باقاعدہ دیکھ بھال، باڑوں، داخلی راستوں اور سکیورٹی انتظامات کی بہتری سے شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے ۔عمر عباس میلہ نے مزید کہا کہ سہولیات کی بہتری، انتظامی شفافیت اور عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ حکومتی پالیسیوں پر مثر عملدرآمد انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں