زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے2بھٹے مسمار

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست وژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اور تحصیل کمالیہ میں ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مزید موثر بنا دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے مختلف بھٹہ جات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات شمیم احمد خان اور انسپکٹر عرفان کھیتران کی زیر نگرانی کیے گئے آپریشن کے دوران متعدد بھٹہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انسپیکشن کے دوران زگ زیگ ٹیکنالوجی کے اصولوں کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر دو بھٹہ جات کو فوری طور پر مسمار کر دیا گیا جبکہ مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی۔قوانین کی خلاف ورزی پر بھٹہ مالکان پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ تمام بھٹہ جات کو زگ زیگ ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی ایس او پیز کے مطابق ہی کام کرنا ہوگا۔ کسی بھی بے ضابطگی یا خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں ماحول دوست اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گے اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں