FDAکا زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹ میں تجاوزات و ناجائز تعمیرات کے خلاف بھرپور اپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ڈجکوٹ روڈ پر تجاوزات کا صفایا کر دیا جبکہ کچی ابادی چباں اور گلستان کالونی میں ناجائز تعمیرات پر پلاٹس کو سربمہر کر کے مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی ایف ڈی اے کی الگ الگ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں تجاوزات اور ناجائز تعمیرات کو چیک کیا تو ڈجکوٹ روڈ پر بعض دکانداروں نے کاروباری سامان رکھ کر سڑکوں کو بلاک کیا ہوا تھا جن کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے وہاں سے تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا اور راستوں کو کلیئر کر دیا گیا جبکہ دوسری کارروائی میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے کچی آبادی چباں اور گلستان نمبر1 میں پلاٹ نمبر 73A اور پلاٹ نمبر 108G پر ناجائز تعمیرات جاری تھیں جنہیں مسمار کر کے پلاٹس کو سیل کر دیا اور مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ تعمیرات کی باقاعدہ اجازت حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پختہ و عارضی تجاوزات اور ناجائز تعمیرات سے اجتناب کیا جائے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی ٹیمیں اپنے دائرہ کار میں سرگرم عمل ہیں اور قانون شکن افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں