شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی میں رکاوٹ برداشت نہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کا تحصیلوں کے دوروں کا نان سٹاپ سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے تحصیل چنیوٹ کا دورہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا فالو اپ وزٹ کیا۔کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت،ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے ای سی جی،ایم آر آئی،ایکسرے ودیگر مشینوں کے فعال ہونے کو چیک کیااورکہا کہ صفائی کے معیار میں گزشتہ وزٹ کی نسبت بہتری آئی ہے جس کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔انہوں نے ہسپتال کے ویٹنگ ایریا میں 10 دن کے اندر لواحقین کے بیٹھنے کے بہترین انتظامات کی تاکید کی اور کہا کہ موسم سرما کو مدنظر رکھ کر انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے ہسپتال میں نصب واٹر فلڑیشن پلانٹ دیکھا۔ڈاگ بائٹ کے کیسز میں وارننگ کے باوجود اضافہ پر تشویش کا اظہاراورلوکل گورنمنٹ کے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے دو ہفتوں بعد دوبارہ وزٹ کا عندیہ دیا اور کہا کہ ہسپتالوں کو شکایت فری بنانا ترجیح ہے۔کمشنر نے سرگودھا روڈ پر ماڈل ریڑھی بازار کا معائنہ کیا اورنرخناموں کی موجودگی اور اسکے مطابق اشیائے ضروریہ کی فروخت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود خریداروں سے اشیا کے معیار اور قیمتوں بارے دریافت بھی کیا۔انہوں نے صفائی کا اعلی معیار قائم اور بازاروں میں نگران ٹیم تعینات کرنے کی تاکیدکی۔کمشنر نے مرکزی قبرستان میں صفائی کا معیار چیک کیا جبکہ قائداعظم پارک کا دورہ کرکے تفریحی سہولیات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے لئے پارکس حقیقی معنوں میں تفریح گاہ ہونے چاہیں۔انہوں نے سٹریٹ لائٹس سو فیصد فعال،سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے ہدایت جاری کیں اور کہا کہ شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں