ٹریفک حادثات میں 1جاں بحق’12شدید زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شدید دھند کے باعث اندھا دھند ٹریفک حادثات میں موٹرسا ئیکل سوار جاں بحق جبکہ 8طالب علموں سمیت 12 افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق تاندلیانوالہ کے علاقہ رحمے شاہ کے قریب شدید دھند کے باعث تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار اذان ولد مہربان زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ تاندلیانوالہ کے علاقہ 412 گ ب کے قریب سکول لے جانے والے رکشہ اور ویگن میں تصادم کے باعث رکشہ سوار طالب علم 13سالہ اسماء دختر رمضان علی’ 11سالہ عبدالرحمن ولد سخی محمد’ 8سالہ احمد ولد شہباز’ 16سالہ اریبہ دختر ذاکر حسین’ 14سالہ اویس ولد رمضان’ 13سالہ شمیلہ دختر شہباز’ 11سالہ شہریار ولد احمد’ 12سالہ فرزانہ دختر مشتاق بری طرح زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں کھرڑیانوالہ کے علاقہ رحمان ہسپتال کے قریب تیز رفتار اے سی بس نے کار کو ٹکر ماری جو کہ بے قابو ہو کر سامنے کوسٹر سے ٹکرا گئی، کار سوار مغل پورہ کا 55سالہ خالد ولد اقبال’ اس کا 42سالہ بھائی محمد عارف ولد اقبال’ ان کا عزیز 37سالہ سہیل ولد غلام قادر سکنہ منصورآباد اور 37سالہ شاہد عمران ولد محمد حنیف سکنہ داتا نگر ملک پور بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں سرگودھا روڈ لاثانی پلی کے قریب دھند کے باعث تیز گاڑی نہر میں جاگری۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں