ایم ڈی واسا ثاقب رضا کا محکمہ کے تمام شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے تمام شعبوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ یہ واضح کیا کہ جاری کردہ ہدایات پر بھرپور سپرٹ کے ساتھ عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشنز ، واٹر ڈسٹری بیوشن ، ریونیو سمیت تمام ڈائریکٹوریٹس مکمل متحرک رہیں کیونکہ ان کی کارکردگی کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے گی جس کا ماہانہ ریکارڈ سی آر سی کو بھجوایا جائے گا۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے مزید کہا کہ تمام سب ڈویژنز میں مین ہولز کوورز اور سلیبس دستیاب ہونی چاہئے تاکہ مسنگ مین ہولز کو فوری طور پر کوور کیا جا سکے۔ اسی طرح آپریشنز سٹاف کے تبادلے متعلقہ افسران کی مشاورت کے بغیر نہیں کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کا پہلا مرحلہ فروری میں مکمل ہونا چاہئے جبکہ دوسرے مرحلے میں یکم مارچ سے ڈی سلٹنگ شروع کی جائے گی جبکہ مئی کے آخر تک ڈی سلٹنگ مکمل کی جائے تاکہ مون سون سیزن میں شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری اور بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اسی طرح مین چینلز کی ڈی سلٹنگ کے لئے تمام دستیاب مشینری استعمال کی جائے تاکہ ڈی سلٹنگ مکمل ہونے میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے زیادہ سے زیادہ ٹیوب ویلز آپریشنل رکھے جائیں اگر کوئی پمپنگ مشینری خراب ہے تو اسے فوری طور پر مرمت کر کے بحال کیا جائے۔ ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے نے فیسکو کے پیک آورز میں ٹیوبلز اور پمپنگ مشینری کو بند کرکے ریسٹ دینے کی ہدایت بھی کی تاکہ واسا پر بجلی کے بلز میں بھی کمی واقع ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ یارڈز پر سی سی ٹی وی کیمرے انسٹال اور سکیورٹی گارڈز تعینات کئے جائیں تاکہ دونوں اطراف کے پارکنگ یارڈز پر واسا کی مشینری کو ہر صورت محفوظ بنایا جا سکے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ریونیو افسران ، آپریشنز اور واٹر ڈائریکٹوریٹس سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ ریونیو ریکوری بارے کسی بھی قسم کا کوئی ایشو ہو تو اسے حل کیا جاسکے۔ اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر او اینڈ ایم عثمان لطیف ، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریار حسن ، ڈائریکٹر ایڈمن عارف سریانی ، ڈائریکٹر فنانس جاوید غنی ، ڈائریکٹرز او اینڈ ایم مخدوم بابر ، سانول ملک ، ڈائریکٹرز ریونیو محمد اقبال ملک ، عمر افتخار ، ڈائریکٹر واٹر عثمان ضیا ، ڈائریکٹر کنسٹرکشن اویس جمال ، ڈائریکٹر ڈرینج شہباز لطیف و دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں