بجلی کی تنصیبات کو مرحلہ وار انڈر گرائونڈ کیا جائے گا

سرگودہا(بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاس، سٹی بیوٹیفیکیشن، تجاوزات، صفائی اور فوڈ سیفٹی پر جامع جائزہ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سرکاری محکموں کو دیے گئے اہداف پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ایم ڈی ہارٹیکلچر اتھارٹی محمد ارشد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، سی او ایم سی ماجد بن احمد، واسا، فوڈ اتھارٹی، فیسکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایکسین فیسکو مظہر اقبال ملک نے سٹی بیوٹیفیکیشن سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی سٹی بیوٹیفیکیشن پلان کے تحت سٹی روڈ پر بجلی کی تمام نمایاں تنصیبات کو مرحلہ وار انڈر گرائونڈ کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی اور سیفٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ کمشنر کو آگاہ کیا گیا کہ کچہری بازار میں ٹرانسفارمرز کی منتقلی کے لیے پولز موقع پر پہنچ چکے ہیں اور کام کا آغاز فوری طور پر کر دیا جائے گا۔ کمشنر نے اس موقع پر حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے اجلاس کو بتایا کہ رواں ماہ اب تک ضلع بھر میں 2848 فوڈ پوائنٹس کی انسپیکشن کی گئی، 978 کاروباری افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ 129 کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 27 لاکھ 8 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں