انسدادپولیو مہم کا باقاعدہ آغاز

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ سال 2025 کی آخری انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ جو 18دسمبر تک جاری رہے گی ملک کے دیگر شہرو ں کی طرح جڑانوالہ میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنایا جا سکے۔اس بار پولیو مہم میں ایک نیا اور موثر اقدام شامل کیا گیا ہے جس کے تحت پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ (ای پی آئی)ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا۔خاص طور پر دو سال سے کم عمر بچوں کا خصوصی ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا تاکہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مجموعی صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔محکمہ صحت کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات کا پروگرام بچوں کو 12مہلک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ پولیو ورکرز تین اقسام کا ڈیٹا جمع کریں گے جن میں غیر ویکسینیٹڈ، جزوی ویکسینیٹڈ اور مکمل ویکسین شدہ بچے شامل ہوں گے۔ادھورے ٹیکے لگوانے والے بچوں کو ٹریک اینڈ ٹریس کے ذریعے دوبارہ حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں شامل کیا جائے گا جبکہ ہر یونین کونسل میں مکمل ویکسین شدہ بچوں کی تعداد معلوم کر کے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بروقت ویکسین لگوانا نہایت ضروری ہے تاکہ بچوں کو قابلِ تدارک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور میڈیا کے بغیر کوئی بھی قومی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔صحافی عوام تک آگاہی کا پیغام پہنچا کر پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم میں حکومت کے دست و بازو بنیں اور والدین کو اپنے بچوں کو بروقت ویکسین لگوانے پر آمادہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں