نوجوان نسل میں تخلیقی اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے،ڈاکٹر ذوالفقار علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہومینیٹیز کے زیراہتمام آرٹ گالا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں طلبہ کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے 100سے زائد سٹال آویزاں کئے گئے جو کہ شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ آرٹ گالا کا افتتاح زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کیا جبکہ اس موقع پر سٹی ٹریفک آفیسر فیصل آباد ناصر جاوید رانا، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اقبال، جی سی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز فیصل آباد مقبول احمد ملک اور ڈین آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز ڈاکٹر شازیہ رمضان، ڈاکٹر کرن خالد و دیگر بھی موجود تھیں۔ آرٹ گالا میں لائیو پینٹنگ، آرٹ ورک، طلبہ کی بنائی ہوئی مصنوعات، ملبوسات و دیگر سٹال لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ نوجوان نسل میں تخلیقی اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آرٹ گالا طلبہ کی لگن اور چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فن صرف ایک مشغلہ ہی نہیں بلکہ یہ خیالات، جذبات کے اظہار کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ ناصر جاوید رانا نے کہا کہ مذکورہ گالا میں طلبہ کا آرٹ ورک قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمک سیکھنے کے ساتھ ساتھ ایسے پلیٹ فارم شخصیت سازی کے لئے ناگزیر ہیں۔ ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ آرٹسٹ معاشرے کی ناہمواریوں اور خوبصورتیوں کو احسن انداز میں پیش کرتا ہے جس سے دیکھنے والے کے زاویہ نظر میں وسعت آتی ہے۔ ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل میں اختراعی و تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانا ہو گا۔ ڈاکٹر شازیہ رمضان نے کہا کہ آج کا انسان اضطراب اور الجھنوں کا شکار ہے ایسے گالاانہیں تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی کاروباری صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں تاکہ وہ نوکری کا متلاشی بننے کی بجائے نوکریاں فراہم کرنے والے بن سکیں۔ ڈاکٹر کرن خالد نے کہا کہ یونیورسٹی کی روایت رہی ہے کہ طلبہ میں پنہاں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے پروگرامز کا انعقاد تسلسل سے کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں