جماعت اسلامی بلدیاتی نظام کیخلاف 21دسمبر کو دھرنا دیگی

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے پنجاب بلدیاتی ایکٹ کو غیرجمہوری اور عوام دشمن قراردیتے ہوئے اس کے خلاف21دسمبرکو پنجاب بھرمیں دھرنے دینے کا اعلان کردیا ۔فیصل آباد میں بھی حافظ نعیم الرحمن کی کال پراتوار 21دسمبرکودوپہر1بجے ضلع کونسل چوک میں مرکزی نائب امیرڈاکٹراسامہ رضی،صوبائی امیر جاوید قصوری، ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ کی قیادت میں دھرناہوگا۔المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میںدھرناکی تیاریوںکے سلسلہ میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محبوب الزماںبٹ نے کہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام شہریوں کا آئینی، جمہوری حق ہے۔ پنجاب اور وفاق کا بلدیاتی انتخاب سے بار بار فرار اور بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم نے اسے کالا قانون بنادیا ہے۔ صوبائی حکومت ضلعی، میٹروپولیٹن، سٹی کارپویشنز بحال کرتے ہوئے پنجاب کے عوام کو بیورو کریسی کے آہنی پنجے سے آزاد کرے۔اس موقع پرجنرل سیکرٹری یاسر اقبال کھارا بھی موجود تھے۔محبوب الزماںبٹ نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پنجاب بھر میں بلدیاتی کالے قانون کے خلاف اور با اختیار بلدیاتی نظام کے حق میں پرامن جمہوری تحریک کا آغاز ہوچکاہے۔ آئین پاکستان کے آرٹیکلA 140 کے مطابق ملک کی ہر صوبائی حکومت کو مقامی حکومتوں کا قیام عمل میں لانے کا پابند کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں