آتشزدگی میں3افراد کی ہلاکت ،فیکٹری مالک کیخلاف مقدمہ درج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ساندل بار پولیس نے بائی پاس کے قریب اﷲ توکل کاٹن فیکٹری میں آگ لگنے سے تین محنت کشوں کے زندہ جل جانے پر فیکٹری مالک اشرف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ساندل بار کے علاقہ سرگودھا روڈ بائی پاس 58 ج ب لہلاں کے قریب واقع کاٹن فیکٹری میں مبینہ طور پر مشین کا بیلٹ ٹوٹنے سے نکلنے والی چنگاری کے باعث قریب پڑے ہوئے کپڑوں’ ٹاکیوں کو آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہاں پر کام کرنے والے تین محنت کش رہائش جمیل’ اشرف اور جام پور راجن پور کا رہائشی عدنان آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے آگ کی لپیٹ میں آ گئے اوران کو باہر نکلنے کی مہلت نہ مل سکی۔ تاہم آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کے فائر فائٹر کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور زندہ جل جانے والے محنت کشوں کی نعشوں کو ملبے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ آگ لگنے سے بھاری مالیت کی مشینری ودیگر سامان جل کر راکھ بن گیا۔ تاہم ساندل بار پولیس نے تین محنت کشوں کے زندہ جل جانے پر فیکٹری مالک اشرف کو گرفتار اس کے خلاف لیبر انسپکٹر چوہدری سعید کی مدعیت میں حفاظتی انظامات نہ کرنے پر مقدمہ درج کر کے بازپرس شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں