فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رجسٹریاں ہونے کے باوجود دکانوں کو مسمار کرنا ظلم اور زیادتی ہے’ تجاوزات کی آڑ میں دکانوں کو گرانا کسی طرح بھی مناسب نہیں انتظامیہ ہوش کے ناخن لے’ ان خیالات کا اظہار سرکلر روڈ تا چنیوٹ بازار اور انجمن تاجران ریلوے روڈ کے دکاندار میاں شاہد حمید’ ملک محمد یونس’ آفتاب بٹ’ میاں سلیم اختر’ غضنفر علی و دیگر تاجر رہنما ئوں نے دکانوں کی رجسٹریاں تھامے ضلعی حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران کیا’ انہوں نے کہا کہ ہم 1947کے بعد سے یہاں آباد ہیں اور یہ زمین ہم نے خریدی ہوئی ہے’ جس کے تمام تر کاغذات ہمارے پاس موجود ہیں’ مگر انتظامیہ ہمارا رزق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے’ جو ہمیں ہرگز قبول نہیں ہے’ یہ دکانیں ہماری ملکیت ہیں ہم قابض نہیں ہیں’ ہمیں متبادل جگہ نہیں چاہئے’ تاجر لیڈروں اور انتظامیہ کے مابین جو معاہدہ ہوا ہے اس میں ہمیں قابضین لکھا گیا ہے جو بالکل غلط اور بے بنیاد ہے’ یہ معاہدہ ہمیں قبول نہیں’ اس معاہدے میں ہماری رضا مندی نہیں’ ہم قبضہ مافیا نہیں بلکہ ہم ان دکانوں کے مالک ہیں جس کے تمام تر ثبوت ہماری پاس موجود ہیں’ ہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا ہم پر رحم کیا جائے ہم نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ اور سپورٹ کیا ہے ہمارے ساتھ یہ ظلم نہ کیا جائے’ دکانداروں نے کہا کہ ہم اس ظلم اور زیادتی کے خلاف چپ نہیں بیٹھیں گے اور سخت احتجاج کریں گے۔




