قبضہ مافیا،جعلسازوں کیخلاف کڑی قانون سازی کی تیاریاں

لاہور (بیوروچیف) پنجاب میں قبضہ مافیا اور پلاٹس فراڈ کرنیوالوں کیخلاف کڑی قانون سازی کی تیاریاں جاری ہیں۔وزیر ہائوسنگ پنجاب بلال یاسین نے بورڈ آف ریونیو میں ہونے والے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ایس ایم بی آر نبیل جاوید، سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی پی ایل آر اے اور دیگر افسران شریک تھے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، صوبہ بھر میں ہاسنگ اسکیموں کی منظوری سے متعلقہ سافٹ ویئر تیار کرے گی۔ ڈیجیٹل ریونیو ریکارڈ،این او سیز کی فراہمی سمیت دیگر امور 90روز میں نبٹانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں اور جعلی فائل سسٹم کیخلاف عوامی شکایات کا تدارک کیا جائے گا۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاسنگ اسکیموں کی تشہیر روکنے اور پراپرٹی ڈیلرز کو رجسٹرڈ کرنے بارے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے اکانٹس اور اثاثہ جات منجمد کیے جانے بارے بھی سفارشات پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی کی گذرگاہوں پر آبادکاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ منظور شدہ اراضی سے کئی گناہ زیادہ پلاٹس فائل فروخت کرنیوالوں کو کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ الاٹ شدہ اراضی کی اقساط ادائیگی کے بعد جگہ تبدیل کرنے والی ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ جعلسازی،دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث عناصر اپنا قبلہ درست کرلیں۔ وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر عوام کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ، فنانس، قانون،روڈا، کوآپریٹوز، ماحولیات اور واسا کے افسران بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں