تحصیل کوٹ مومن میں ہیوی ٹریفک،گنے کی ٹرالیوں کیلئے قواعد نافذ

سرگودہا(بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈی پی او سرگودہا صہیب اشرف کی زیر صدارت میں سیال موڑ چوک پر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ملک طاہر، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی پی ایچ پی، تحصیلدار کوٹ مومن اور ایس ایچ او لکسین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیال موڑ پر ٹریفک کے دباؤ، ہیوی ٹریفک اور گنے کی ٹرالیوں کے باعث درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ شام 4 بجے سے 7 بجے تک گنے کی ٹرالیوں کو سڑک پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ تمام ٹرالیوں کے پیچھے ریفلیکٹر لگانا لازمی ہوگا اور بغیر ریفلیکٹر کے کسی ٹرالی کو سڑک پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ لاہور سے آنے والے ڈمپرز کو موٹروے پر پنڈی بھٹیاں کے مقام پر اتارنے کا حکم دیا گیا۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ ڈمپرز کو 10، 10 کی صورت میں سڑک پر چھوڑا جائے گا۔ خالی ڈمپرز کو 24 گھنٹے آمدورفت کی اجازت ہوگی جبکہ لوڈڈ ڈمپرز کو شام 4 بجے سے صبح 7 بجے تک سڑک پر آنے کی اجازت دی جائے گی۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کو ٹریفک کنٹرول کے لیے نفری تعینات کرنے، چوکوں پر موبائل ٹیمیں کھڑی رکھنے اور پی ایچ پی کی موبائل وین اور موٹر سائیکل سوار اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اوور اسپیڈنگ پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والے ڈمپرز کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں