فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلع رحیم یار خان کے علاقہ تھانہ آب حیات میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلہ میں گلفام شاہ گینگ کا آخری شوٹر غلام مصطفی عرف دھکڑ شاہ بھی اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ سی سی ڈی ہیڈ کوارٹر فیصل آباد انسپکٹر سید ارم رضا شاہ اور سرکل آفیسر مدینہ ڈویژن علی اکرام گورائیہ کو اطلاع ملی تھی کہ 237 رب کھڈیاں وڑائچاں کے گلفام شاہ گینگ کا شوٹر غلام مصطفی عرف دھکڑ شاہ اپنے ساتھیوں سمیت رحیم یار خان کے تھانہ آب حیات کے علاقہ میں پناہ لیئے ہوئے ہیں۔ تاہم سی سی ڈی ٹیم نے رحیم یار خان کے تھانہ آب حیات کے علاقہ میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو شاہ گینگ کا سرگرم کارکن واہم شوٹر غلام مصطفی عرف دھکڑ شاہ مردہ حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ یاد رہے کہ سی سی ڈی نے گلفام شاہ اور اس کے 6بھائیوں سمیت درجن سے زائد افراد کو مبینہ مقابلوں میں پار کروایا اور ان کا آخری شوٹر دھکڑ شاہ بھی آج اپنے انجام کو پہنچ گیا۔




