کار نہر میں گرنے سے ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ پناہ کے شریف کے قریب ساہیانوالہ چنیوٹ روڈ پر تیز رفتار کار نہر میں گرنے سے ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش کیلئے ریسکیو1122 نے آج دوبارہ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ تفصیل کے مطابق شریف پورہ کا رہائشی قاسم اپنے ڈرائیور زین ولد جمیل کے ہمراہ کار پر چنیوٹ سے ساہیانوالہ انٹرچینج کی طرف جا رہے تھے کہ پل ڈینگرو کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کر نہر میں جاگری، تاہم قاسم نہر سے نکل آیا جبکہ ڈرائیور زین کار سمیت نہر میں ڈوب گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نہر میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش شروع کر دی اور ریسکیو1122 کے ماہر غوطہ خوروں نے نہر میں سرچ آپریشن کیا اور اسکی ڈیڈباڈی نہ ملی تھی تاہم رات ہونے پر آپریشن موخر کر دیا تھا اور آج صبح دوبارہ نہر میں ڈوبنے والے نوجوان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں