فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) منشیات کے ناسور کو اجتماعی کوششوں سے ختم کر کے محفوظ اور پائیدار معاشرے کا حصول یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار مقررین نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ دیہی عمرانیات اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے تعاون سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معروف نفسیات ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے کہا کہ منشیات کے ناسور کو اجتماعی کوششوں سے ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف انسان کی زندگی کو تباہ کرتا ہے بلکہ اس کی ساکھ اور خاندان کی عزت کو بھی داغدار کرتا ہے۔ چیئرمین سوشیالوجی ڈاکٹر صدف محمود نے کہا کہ ہمیں منشیات کے عادی افراد کے لئے علاج معالجے کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ اس ناسور سے نجات حاصل کر تے ہوئے معاشرے کے فعال شہری بن سکیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس محمد نواز نے کہا کہ ان کا محکمہ معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔ ڈاکٹر نعیمہ نواز نے کہا کہ ہمیں انسداد منشیات کے لیے تعلیم، صحت و دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہو گا تاکہ ایک محفوظ اور پائیدار معاشرہ قائم ہو سکے۔ ڈاکٹر عاطف نے کہا کہ منشیات کے شکار افراد کو اس ناسور سے نجات دلانا ہماری سماجی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔




