فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جما عت اسلامی کے ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ پنجاب بلدیاتی ایکٹ کیخلاف ہونیوالے کامیاب دھرنا نے ثابت کردیاہے کہ پنجاب کے باشعورعوام نے کالے قانون کو مسترد کردیاہے ۔اگلے مرحلہ میں بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ د ئیے جانے کے خلاف 15 جنوری کو ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم ہوگا، ریفرنڈم کے پینل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کرینگے، نتائج سے ملک دنیا کو آگاہ کیا جائے گا، ریفرنڈم میں عوامی رائے کے ذریعے مینڈیٹ لینے کے بعد چاروں صوبائی اسمبلیوں کی طرف مارچ اور عوامی حقوق کیلئے دھرنے دیں گے۔انہوںنے کہاکہ بلدیات کا کالا قانون کسی صورت منظور نہیں، یہ عوام کے حق اوراختیار کی تحریک ہے اسے جاری رکھیں گے۔ بلدیاتی ایکٹ 2025ء میں عوامی نمائندوں کے اختیارات ختم کر کے بیوروکریسی کو بااختیار بنایا گیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ محبوب الزماںبٹ نے کہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام شہریوں کا آئینی، جمہوری حق ہے۔ پنجاب اور وفاق کا بلدیاتی انتخاب سے بار بار فرار اور بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم نے اسے کالا قانون بنادیا ہے۔ صوبائی حکومت ضلعی، میٹروپولیٹن، سٹی کارپویشنز بحال کرتے ہوئے پنجاب کے عوام کو بیورو کریسی کے آہنی پنجے سے آزاد کرے، حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پنجاب بھر میں بلدیاتی کالے قانون کے خلاف اور با اختیار بلدیاتی نظام کے حق میں پرامن جمہوری تحریک کا آغاز ہوچکاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ بلدیاتی ایکٹ میں انتظامی اور مالیاتی اختیارات عوامی نمائندوں کو د ئیے جائیں اور مقررہ وقت پر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔




