FDAکا زیر کنٹرول کالونیوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گلبرگ کے علاقہ اور جھنگ روڈ پر تجاوزا ت کا صفایا کر دیا اور سڑکوں و عوامی راستوں میں رکھا گیا کاروباری سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیا گیا جبکہ قصوروار دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بعض عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پختہ و عارضی تجاوزات کے فی الفور خاتمے کا حکم دیا جس کی تعمیل کرتے ہوئے اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا، انسپکٹرز اسلم انصاری، ثنا اللہ اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلبرگ چوک، بغدادی پارک اور سکول کے ارد گرد جگہوں سمیت بکر منڈی روڈ سے تمام خوانچہ فروش و ریڑھی بانوں کو ہٹا دیا جبکہ سڑکوں، عوامی راستوں میں رکھا گیا کاروباری سامان اٹھا کر راستوں کو کلیئر کر دیا گیا۔ بغدادی پارک کے باہر رینٹ اے کار کے شو رومز والوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ سڑکوں یا عوامی گزرگاہوں میں گاڑیاں کھڑی کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گے کیونکہ یہ مسئلہ سیکورٹی کے حوالے سے خطرناک ہے۔ دوسری کارروائی میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے موٹر مارکیٹ جھنگ روڈ اور کوثر اباد میں بھاری مشینری کے ذریعے بازاروں میں غیر قانونی تعمیر دھڑوں و دیگر پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا اور راستوں میں رکھا گیا سامان اٹھا کر قبضے میں لے کر تجاوزات میں ملوث دکانداروں کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے گئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے تنبیہ کی گئی ہے کہ تمام دکاندار اپنی حدود میں اپنا کاروباری سامان رکھیں اس سلسلے میں خلاف ورزی پر نہ صرف سامان قبضہ میں لے لیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف چالان اور باز نہ آنے پر فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں