تعلیمی نظام ہی ملک کو آگے لے جا سکتا ہے

نارووال( نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام ہی ملک کو آگے لے جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال میں دوسرے کانووکیشن کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں تعلیمی، انتظامی اور سماجی شخصیات کے علاوہ اساتذہ، طلبہ اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام ہی ملک کو آگے لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ علم اور کردار کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کریں۔تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال میری ٹورییس پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس رانا نے کہا کہ قومیں تعلیم کے میدان میں ترقی کے باعث ہی عالمی سطح پر اپنا مقام بناتی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال کی تعلیمی و تحقیقی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی میں اس وقت 20 مختلف شعبہ جات فعال ہیں، جہاں معیاری تعلیم اور تحقیق پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق کانووکیشن میں سیشن 2017-2021اور 2018-2022کے طلبہ کو ڈگریاں عطاء کی گئیں۔ ان دونوں سیشنز میں مجموعی طور پر 740طلبہ نے گریجویشن مکمل کی جبکہ تقریب کے دوران 400سے زائد ڈگریاں باقاعدہ طور پر عطاء کی گئیں۔ اس موقع پر نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈلز، سلور میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں، جس پر والدین اور اساتذہ نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں