فروعی اختلافات کو پس پشت ڈالنا ہو گا

لاہور (بیوروچیف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین عمل یہی ہے کہ ہم سب ان کے بتائے گئے رہنما اصولوں ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے اسلاف نے بے پناہ قربانیوں اور جدوجہد کے بعد علیحدہ وطن حاصل کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ اس وطن عزیز کی سا لمیت، وقار اور بقا کی خاطر ایک مقام پر کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے عطیہ خداوندی ہے جس کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہوگا اور فروعی اختلافات کو بھی پس پشت ڈالناہوگا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں کوئی ایسا راستہ نہیں اختیار کرنا جس سے دشمن اپنی ناپاک سازشو ں میں کامیاب ہو اور ملک کمزور ہو ۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کرسمس کے تہوار پرپاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان مذہبی رواداری ، اخوت ، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حمایت اور پاسداری کرتا ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں بسنے والی مسیحی برادری نے قیام پاکستان کا موقع ہو یا تعمیر پاکستان کا ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور یہ بات انتہائی قابل قدر اور ستائش ہے کہ مسیحی بھائیوں نے تمام قومی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہمیں اس کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں