14کروڑ کی لاگت سے دو روٹس پر100الیکٹرک بس شیلٹرز کے قیام کی منظوری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے14کروڑ روپے کی لاگت سے دو روٹس پر100،الیکٹرک بس شیلٹرز کے قیام کی منظوری دے دی۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیرانور کی زیرصدارت ڈی ڈی ڈبلیو پی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر،ایڈیشنل کمشنرز تنویر مرتضی، آصف اقبال چوہان،چیف آفیسر میونسپل کارپور یشن ملک مرتضی،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال ، ایس ایس ہائی ویز اور دیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر نے الیکٹرک بس شیلٹر کی تیاری کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تین شفٹوں میں کام کے لئے متعلقہ ٹھیکیدار کو متحرک کریں۔انہوں نے کہا کہ10جنوری2026 تک 40بس شیلٹر مکمل ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بس شیلٹر کے تعمیراتی کاموں کی مانیٹرنگ کریں گے اس ضمن میں معمولی سی بھی تاخیر کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ اہم ٹاسک تیزی سے مکمل کرنے کی واضح ترین ہدایات جاری کی ہیں لہذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں