نئی تاریخ رقم۔ ارسلان ایوولیوشن کے عالمی چیمپئن بن گئے

لاس ویگاس (سپورٹس نیوز) پاکستان کے مایہ ناز ای سپورٹس کھلاڑی ارسلان ایش نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے ایوولیوشن چیمپئن شپ سیریز(ایوو) 2026 میں ٹیکن8کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔لاس ویگاس کنونشن سینٹر میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ارسلان ایش نے جنوبی کوریا کے رینگ چو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔اس کامیابی کے ساتھ ارسلان ایش نے مسلسل چوتھی بار لاس ویگاس میں ایوو چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ مجموعی طور پر ان کے ایوو ٹائٹلز کی تعداد آٹھ ہو گئی جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ فتوحات ہیں۔ایوو انتظامیہ نے بھی اپنے سرکاری بیان میں ارسلان ایش کی تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی نے مسلسل چوتھی بار لاس ویگاس میں ٹائٹل جیت کر مجموعی طور پر آٹھواں ایوو اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ارسلان ایش نے پہلی بار 2019 میں جاپان میں ٹیکن 7 کا عالمی ٹائٹل جیت کر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے امریکا اور جاپان میں ہونے والے متعدد بڑے ای سپورٹس مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں