خشک سردی کے باعث شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ میں خشک اور سرد موسم نے ڈیرے جما لیے ہیں، جس کے باعث شہری مختلف موسمی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ سرد ہواں اور نمی کی کمی کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی، گلے کی خراش، بخار اور سانس کی تکالیف میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے ، جبکہ بچوں اور بزرگوں کی صحت زیادہ متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی طبی ماہرین کے مطابق خشک سردی کی وجہ سے جلدی امراض، آنکھوں میں جلن اور سانس کی بیماریوں کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش معمول سے کہیں زیادہ ہے ، خاص طور پر او پی ڈیز میں موسمی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں اچانک کمی اور دن کے وقت خشک موسم صحت پر منفی اثر ڈال رہا ہے ۔محکمہ صحت کے مطابق شہری بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں اور بیماری کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں، جبکہ خود علاج سے گریز کیا جائے ۔ ماہرین نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ خشک موسم کے باعث پانی کا استعمال بڑھایا جائے تاکہ جسم میں نمی برقرار رہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں