FDAکے مالی وسائل میں اضافہ کے اقدامات میں تیزی لانیکی حکمت عملی تیار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے انتظامیہ نے شہری ترقی اور عوامی بہبود کے منصوبوں کی تشکیل کیلئے مالی وسائل میں اضافہ کے اقدامات میں تیزی لانے کی کثیر الجہتی کاروباری حکمت عملی تیار کی ہے اس حوالے سے فنانشیل اور مختلف بزنس ماڈلز پر غور و خوض کیاجا رہا ہے اس ضمن میں جائزہ اجلاس ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں فنانشیل کنسلٹنٹ شکیل احمد نے ذرائع آمدن بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، یاسر اعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ طلحہ تبسم، ولید خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس افضال انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ رابعہ مبشرہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس بلال احمد و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ ایف ڈی اے کو مالی لحاظ سے مستحکم بنانے اور شہری ترقی کے منصوبوں کی پیش رفت کے لئے ذرائع آمدن میں اضافہ انتہائی ناگزیر ہے لہذا ادارے کی ترقیاتی سرگرمیوں واضع اضافہ کرنے کے لئے فعال و متحرک کردار ادا کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے لئے ایف ڈی اے کی دستیاب جائیدادوں و اثاثہ جات کو منافع بخش منصوبوں میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے اس مقصدکے لئے فنانشیل،بزنس اور ٹیکنیکل مینجمنٹ کے ذریعے منصوبہ سازی کرنے کا پختہ عزم ہے۔اجلاس کے دوران بزنس پلاننگ کے لئے پلاٹس کی اوپن نیلامی، قرعہ اندازی، مختلف اداروں سے براہ راست معاہدہ جات، جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اصولوں پر غور و خوض کرتے ہوئے مختلف فیصلے کئے گئے تاکہ قابل عمل طریقہ کار کو اختیار کر کے پائیدار اور دیرپا بزنس ماڈلز متعارف کرائے جا سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے نادھندگان سے بقایاجات کی وصولی کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انفورسمنٹ سیل کے ریکوری نتائج واضح طور پر نظر آنے چائیں۔ انہوں نے غیر قانونی کمرشلائزیشن کی روک تھام اور فیسوں کی وصولی پر زور دیا اور حکم دیا کہ کمرشل بلڈنگز کے نقشہ جات دوبارہ چیک کئے جائیں۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ریونیو ریکوری مہم کی براہ راست نگرانی کریں اور فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں