اسلام آباد (بیورو چیف) وفاقی حکومت نے 5سال میں ملائشیا کو حلال گوشت کی 52کروڑ ڈالر برآمدات کا ہدف مقرر کردیا ۔ جاری دستاویز کے مطابق حکومت نیبرآمدات میں اضافے کیلئے حلال گوشت کو ترجیحی شعبہ قراردیتے ہوئے اگلے 5سال میں ملائشیا کو ایک لاکھ 30ہزارمیٹرک ٹن گوشت برآمد کرنے کا منصوبہ تیارکرلیا ہے،جس سے 52کروڑ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوگا۔منصوبے کے تحت ملائشیا کو گوشت برآمد کرنے کیلئے 5لاکھ 52ہزار مویشی درکار ہوں گے،جبکہ لائیو اسٹاک سیکٹر میں 5سال کے دوران 14کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی، جس میں سے 8کروڑ ڈالر پرائیویٹ سیکٹر اور 6کروڑ ڈالر حکومت فراہم کرے گی۔دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ جانوروں کی ویکسینیشن اور کولڈ اسٹوریج کی جدید سہولیات بھی قائم کی جائیں گی تاکہ معیار اور برآمدی صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے۔




