فیصل آباد میں ٹریفک کے بڑھتے مسائل،پارکنگ پلازہ کی تعمیر ناگزیر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر )ٹریفک اور پارکنگ کے بڑھتے مسائل ،فیصل آباد میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر ناگزیر ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد شہر خصوصاً آٹھ بازاروں میں ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل دن دن بڑھ رہے ہیں جن کے حل کیلئے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔پارکنگ کا باقاعدہ کوئی خاص انتظام نہ ہونے کے باعث شہر میں روزانہ ہزاروں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بغیر کسی باقاعدہ پارکنگ کے سڑکوں، بازاروں اور گلیوں میں کھڑی کی جاتی ہیں جس کے باعث شدید ٹریفک جام، بدنظمی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔بیرون چنیوٹ بازارسابقہ میئر ہاؤس کی جگہ پر مجوزہ کثیر المنزلہ پارکنگ پلازہ کی تعمیر بدقسمتی سے کئی سال سے التواء کا شکار ہے۔ اگر یہ پارکنگ پلازہ بروقت مکمل کر لیا گیا ہوتا تو نہ صرف اب تک اپنی تعمیراتی لاگت پوری کر چکا ہوتا بلکہ اس سے ہزاروں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے منظم، محفوظ اور باقاعدہ پارکنگ کی سہولت بھی میسر آ چکی ہوتی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی، کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے جیسے کئی مثبت نتائج حاصل ہو سکتے تھے۔ شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز،ڈویژنل کمشنر جہانگیر انور، منتخب نمائندگان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیاہے کہ اس اہم عوامی منصوبے کی جانب سنجیدگی سے توجہ دیں، اس کی تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لیں اور فوری طور پر اس کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ شہر کے دیرینہ ٹریفک اور پارکنگ مسائل کا پائیدار حل ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں