وزیر صحت کا نواز شریف انسٹیٹیوٹ کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ

سرگودھا (بیوروچیف) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود کے ہمراہ گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 4 فروری کو ہونیوالے باقاعدہ افتتاح سے قبل ہسپتال میں کیے گئے انتظامات، طبی سہولیات اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر صحت نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات، وارڈز، او پی ڈی، ایمرجنسی، آئی سی یو، سی سی یو، آپریشن تھیٹرز، تشخیصی یونٹس، فارمیسی، لیبارٹری، نرسنگ اسٹیشنز اور دیگر معاون شعبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہسپتال کے تمام فلورز پر جا کر دستیاب سہولیات، صفائی کے انتظامات، جدید طبی مشینری کی تنصیب، سٹاف کی دستیابی اور مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بغور جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈین ہسپتال ڈاکٹر وارث فاروقہ اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین بھی موجود تھے۔ ڈین ہسپتال اور آئی ڈیپ کے انجینئرز نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، انفراسٹرکچر، طبی آلات، بجلی، پانی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر صحت پنجاب نے ہسپتال کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا ایک جدید اور مکمل طبی ادارہ ہے، جو سرگودھا ڈویژن اور ملحقہ اضلاع کے عوام کو دل کے امراض کے علاج کی معیاری سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افتتاح سے قبل تمام انتظامات کو مکمل اور مؤثر بنایا جائے تاکہ ہسپتال فوری طور پر مکمل استعداد کے ساتھ فعال ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں