سائنس و ٹیکنالوجی میں شفافیت اور احتساب پر سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد (بیورو چیف)پاکستان سائنس فاؤنڈیشن امیںوزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی ہدایات پر سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں شفافیت، احتساب، میرٹ پر مبنی نظام اور ادارہ جاتی دیانت داری کے فروغ کیلئے ”سائنس و ٹیکنالوجی میں شفافیت اور احتساب” کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیاگیا جس کا مقصد وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے تمام اداروں کی جانب سے اختیار کی گئی اصلاحاتی اقدامات، پالیسی اقدامات اور ترقی پسند اقدامات کو اجاگر کرنا تھا تاکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں شفافیت، دیانت داری اور جوابدہی کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے۔سیمینار کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ تھے۔ انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں میں شفاف، مؤثر اور جوابدہ حکمرانی کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میرٹ پر مبنی فیصلے اور مضبوط احتسابی نظام ہی علمی برتری اور جدت کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔سیمینار کا آغاز چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے استقبالیہ خطاب سے ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ شفافیت اور احتساب سائنسی اداروں میں عوامی اعتماد کے فروغ، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور وسائل کے مؤثر استعمال کیلئے ناگزیر ہیں۔سیمینار کے دوران پاکستان سائنس فاؤنڈیشن ،پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ ،پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے نمائندگان نے اپنے اپنے اداروں میں شفافیت اور احتساب کے طریقہ کار پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ ان پریزنٹیشنز میں ایـگورننس فریم ورک، مانیٹرنگ و ایویلیوایشن سسٹمز، مالی نگرانی، کوالٹی اشورنس کے طریقہ کار اور قومی قوانین کی تعمیل پر روشنی ڈالی گئی۔سائنسدانوں، محققین اور ماہرینِ تعلیم نے بھی سیمینار میں بھرپور شرکت کی اور سائنسی و تکنیکی شعبے میں شفافیت اور احتساب کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں۔سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شفافیت، احتساب اور دیانت داری کو سائنس، جدت اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اصول کے طور پر اپنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں