شیخ انور کی قیادت میں پریم یونین کے وفد کی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شیخ محمد انور کی قیادت میں پریم یونین کے وفد کے پندرہ نکاتی تحریری مطالبات پر وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے مذاکرات۔اس موقع پر سی ای او ریلوے محمد عامر بلوچ، ڈی ائی جی ریلوے پولیس چوہدری عبدالرب بھی موجود۔پریم یونین کے وفد میں سینیئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان،چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری اور اسسٹنٹ چیف آرگنائزر جنید خرم بھی موجود تھے۔شیخ محمد انور نے ریلوے ملازمین کو درپیش مختلف انتظامی،مالی، فلاحی اور دیگر گمبھیر مسائل سے وزیر ریلوے کو آگاہ کیا۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نہایت مثبت ردعمل دیتے ہوئے ریلوے ملازمین کے جائز مسائل کو مرحلہ وار حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ دیگر وفاقی اداروں کی طرح ریلوے ملازمین کی پنشن کی ذمہ داری بھی وفاقی حکومت اپنے ذمے لے۔ انہوں نے موقع پر سی ای او ریلوے محمد عامر بلوچ کو سٹاف کی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر ریلوے کے اپریشنل اور ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی کا عمل شروع کرنے کا کہا اور لاہور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ریل کاروں میں ملازمین کے پاسز پر ایڈوانس بکنگ کے دوران کھانے کی مد میں کی جانے والی لازمی کٹوتی کو ختم کرنے،مستقل اور ٹی ایل اے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور آر ٹی ایل،کیرج سٹاف کے اوور ٹائم کے سابقہ طریقہ کار کی بحالی کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر ریلوے نے گریڈ01 سے 16تک کے ملازمین کو آئی بی کی کلیئرنس کی شرط سے مستثنی کرنے کیلئے بھی یقین دہانی کروائی۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ محکمہ میں دوغلی پالیسی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے وزارت ریلوے اور پاکستان ریلوے کے لیے یکساں ورکنگ ڈیز کا شیڈول طے کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اور ٹی اے کی ادائیگی کا بھی وزارت اور پاکستان ریلوے میں دوہرا معیار ختم کیا جائے گا اور اوپن لائن کے ملازمین کو ٹی اے کے درپیش مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔مزید برآں وزیر ریلوے نے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی، ریلوے ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، ریٹائرڈ ملازمین کے علاج کے لیے ری ایبرسمنٹ پالیسی کی بحالی، جی پی فنڈ اور میرج گرانٹ کی بروقت ادائیگی، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی، منافع بخش ٹرینوں کی آٹ سورسنگ سے اجتناب،ٹی ایل اے اور انویلڈ ملازمین کے بچوں کی مستقلی،ٹیلی کام شعبہ کی علیحدہ حیثیت کی بحالی، اور تمام ٹیکنیکل کیٹگریز کو 2022 کے پے سکیلز کے مطابق ٹیکنیکل الانس دینے کے مطالبات پر بھی مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کروائی۔پریم یونین کے وفد نے وزیر ریلوے کو ریلوے کی بحالی میں مثبت اقدامات میں پریم یونین کی طرف سے ان کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ شیخ محمد انور نے اس موقع پر وزیر ریلوے کو چاروں صوبوں کی زنجیر پاکستان ریلوے کے شاندار ماضی کو واپس لانے اور گڈز کی انکم میں اضافے کے لیے ان کی کوششوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت، ریلوے انتظامیہ اور سی بی اے یونین کا آپس میں مضبوط اعتماد کا رشتہ اور بہتر باہمی تعاون ہی اداروں، حکومت اور اداروں کے ملازمین کی ترقی اور بہتری کی بنیاد ہوتی ہے اور پریم یونین سی بی اے کی حیثیت سے اپنا یہ مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں