اہم چوراہوں میں ٹریفک وارڈن کی تعداد بڑھائی جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابدکی قیادت میںوفد نے آٹھ بازاروں’ بڑی شاہراہوں اور شہر کے مختلف مصروف ترین چوکوں میں ٹریفک کے مسائل کے بارے میں سی ٹی او ناصر جاوید رانا سے ملاقات کی’ وفد میں سابق نائب صدر FCCI حاجی اسلم بھلی’ سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے ممبران ملک شاہد رسول’ رانا اکرام اللہ’ مرزا شہباز’ غلام مصطفی ‘ میاں ریاض’ محمد شاہد شامل تھے’ اس موقع پر سی ٹی او ناصر جاوید رانا کے ترجمان ڈاکٹر رانا اسماعیل اور ریڈرز محمد طیب بھی موجود تھے’ FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابد’ سابق صدر چیمبر آف کامرس حاجی اسلم بھلی نے سی ٹی اور ناصر جاوید رانا کو شہر میں ٹریفک کے مسائل سے آگاہ کیا’ انہوں نے بتایا کہ شہر کی مصروف ترین شاہراہوں پر قائم پرائیویٹ سکول اور کالجز نے ٹریفک کے نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے’ چھٹی کے وقت ان شاہراہوں سے گزرنا ناممکن ہو گیا ہے’ ان سکولوں اور کالجز کیلئے ایس او پیز بنائیں اور انہیں پابند کریں گے چھٹی کے وقت اپنے گارڈز کو ٹریفک کے بہائو کو موثر بنانے کیلئے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں’ انہوں نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی فیشن بن چکا ہے’ ٹریفک وارڈن کو پابند کیا جائے کہ جو شخص بھی ون وے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ‘ اس کے علاوہ بیرون منٹگمری بازار’ سرکلر روڈ’ ریلوے روڈ’ ہلال احمر روڈ’عید گاہ روڈ’ جھنگ روڈ’ سمندری روڈ’ کینال روڈ’ بیرون جھنگ بازار و دیگر بڑی شاہراہوں اور چوک’ چوراہوں پر وارڈن کی تعداد میں اضافہ کیا جائے’ وارڈنز کو پابند کریں کہ وہ چالانوں پر توجہ کم کر کے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کریں’ رات کے وقت آٹھ بازاروں کے باہر خاص طور پر جھنگ بازار’ کارخانہ بازار’ منٹگمری بازار او ربھوانہ بازار میں چنگ چی رکشوں کے رش کی وجہ سے پیدل چلنے والے سخت تکلیف سے دوچار ہوتے ہیں’ ان کے مناسب حل کیا جائے’ وفد کے ارکان نے سی ٹی او کی توجہ صبح اور رات 12 بجے کے بعد ٹریفک کے اشاروں کی طرف مبذول کروائی’ اس ٹائم ٹریفک بالکل نہیں ہوتی اور ٹریفک سگنل چل رہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک سگنل پر رکنا پڑتا ہے جو ٹائم کا ضیاع ہے ہماری تجویز ہے کہ اس ٹائم ٹریفک سگنلز کو بند کر دیا جائے گاکہ شہریوں کو گزرنے میں آسانی ہو’ چیف ٹریفک پولیس آفیسر ناصر جاوید رانا نے وفد کے ارکان کے مسائل خندہ پیشانی سے سنے اور موقع پر ہی اپنے ماتحت عملے کوآرڈر جاری کئے کہ ٹریفک کے بہائو میں جو بھی مشکلات درپیش ہیں انہیں فوری دور کیا جائے ‘ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ میں خود آٹھ بازاروں کا وزٹ کر کے تاجروں کی مشاورت سے ٹریفک کے مسائل کے حل کو یقینی بنائوں گا اور مل کر ایسا لائحہ عمل مرتب کریں گے تاکہ ٹریفک کے مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے’ انہوں نے ٹریفک سرکل انچارجز کو موقع پر بلا کر انہیں ہدایات جاری کیں اور وفد کے ارکان سے مکمل تعاون کرنے کا کہا’ سی ٹی او نے کہا کہ شہر کے تاجروں کے مشاورت ہمارے لئے انتہائی اہم ہے’ ہماری ہرممکن کوشش ہو گی جن مسائل کی طرف آپ لوگوں نے نشاندہی کی ہے انہیں فوری حل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں