چوروں نے محکمہ جنگلات کے گارڈ ،مخالفین نے نوجوان کو قتل کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ میں درخت چوروں نے محکمہ جنگلات کے گارڈ کو اغواء کر کے بے دردی سے قتل کر کے نعش صحن میں دفن کر دی جبکہ مخالفین کی فائرنگ سے نوجوان کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 649 گ ب کے رہائشی ارشاد نے بتایا کہ اس کا بھائی محمد اکرم جو کہ محکمہ جنگلات میں بطور گارڈ ڈیوٹی کرتا تھا اور چند روز سے رابطہ نہ ہوا۔ اکرم تین بچوں کا باپ تھا اور وہ محکمہ جنگلات میں سرکاری لکڑی چوری کرنے سے لکڑی چوروں کو منع کرتا تھا جس پر پولیس کو اطلاع کی، اس کے بھائی اکرم کو لکڑی چوروں نے اغواء کر لیا ہے۔ جس پر پولیس نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان عمر حیات اور بشیر کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو انہوں نے اعتراف کیا کہ اکرم کو قتل کر کے نعش صحن میں دفن کر دی تھی تاہم پولیس نے محکمہ جنگلات کے گارڈ کی نعش برآمد کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ جبکہ 24 گ ب میں علی نواز ولد لیاقت کی مخالفین ابوبکر وغیرہ سے پرانی عداوت بازی چلی آ رہی تھی کہ گزشتہ شام وہ افطاری کے بعد گھر سے نکلا تو مخالفین ابوبکر وغیرہ نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں