انڈسٹری ری لوکیشن کے عمل میں تاجروں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائیگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت کاروباری افراد کو سازگار ماحول کی فراہمی ڈویژنل انتظامیہ کی ترجیح ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر اور ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ کیا۔ صدر ایوان صنعت وتجارت شیخ فاروق یوسف ، سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور مختلف ٹریڈ کے عہدیداران موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ انڈسٹری کی شہری حدود سے باہر منتقلی کے حوالے سے جاری اقدامات میں صنعتکاروں وتاجروں کی معاونت پر شکرگزار ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پہلے مرحلہ میں 111 انڈسٹریل یونٹس کو دو صنعتی زونر میں شفٹ کیا جائے گا۔انڈسٹری ری لوکیشن کے عمل میں تاجروں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔کمشنر نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی ترقی ہوئی انڈسٹیلائزیشن کی بدولت ہوئی۔فیصل آباد میں گذشتہ دو سالوں میں 844 نئی انڈسٹریز/یونٹس رجسٹرڈ ہوئے اور 47 ہزار سے زائد افراد کو روزگارملا،شہر میں ابھی مزید انڈسٹری لگنے کی گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ فیکٹریاں بند،ورکرز بے روزگار ہونے کی باتیں محض پروپیگنڈہ اور حقائق کے برعکس ہے۔کمشنر نے واضح کیا کہ انڈسٹری مالکان کو ہراساں کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ 70 سے زائد خراب ٹریفک سگنلز درست کرائے گئے،شہریوں کو میونسپل سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے پرعزم اور موثر اقدامات جاری ہیں۔مزید 30 سٹرکوں کی کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے مرمت و بحالی کا شیڈول ہے۔انہوں نے بتایا کہ میونسپل ٹائون اور نئی تحصیلیں بنارہے ہیں۔میٹرو بس سروس شہر میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں جدت لائے گی۔پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کے زیراہتمام سیوریج کے میگا پراجیکٹس مون سون سے قبل مکمل ہونگے۔چیمبر آف کامرس کے پلیٹ فارم پر ٹیکس کمیٹی بنانے کی بھی تجویز دی گئی۔آر پی او نے کہا کہ تاجر وصنعتکار ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔کینال پر قائم سکولوں میں چھٹی کے اوقات پر بہتر ٹریفک مینجمنٹ بھی کرائی جائے گی۔صدرچیمبر آف کامرس ودیگر عہدیداران نے ڈویژنل وپولیس کی طرف سے عوامی بہبودکے جاری اقدامات کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔سٹرکوں کی مرمت وبحالی،سٹریٹ لائٹس چالو،بیوٹیفیکیشن پراجیکٹس،انڈسٹری ری لوکیشن ودیگر اقدامات کا ذکر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں