عطائیت کیخلاف کریک ڈاؤن،500غیر قانونی کلینکس ،مراکز صحت سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن کا فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں عطائیت کیخلاف کریک ڈائون’ گزشتہ ماہ کے دوران 2130 مراکز صحت پر چھاپے مار کر 500 غیر قانونی کلینکس اور مراکز صحت سیل کر دیئے، فیصل آباد کا صوبہ بھر میں تیسرا نمبر’ سب سے زیادہ غیر قانونی کلینکس لاہور میں 133′ شیخوپورہ میں 25 اور فیصل آباد میں 23 غیر قانونی مراکز صحت سیل کئے گئے۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن کی ٹیموں نے گزشتہ ماہ فروری کے دوران عطائیت کیخلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے صوبہ بھر میں دو ہزار سے زائد مراکز صحت اور مختلف علاج گاہوں کا معائنہ کیا اور قوائد وضوابط کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 500 مراکز کو سیل کیا گیا۔ لاہور’ فیصل آباد کے علاوہ سیالکوٹ’ نارووال میں 21/21′ راولپنڈی میں 20′ ملتان میں 18′ قصور میں 17 جبکہ جھنگ اور اوکاڑہ میں 14مراکز صحت کو سیل کیا گیا اور ان میں 277 ایسے کلینکس بھی شامل ہیں جہاں پر عطائی ڈاکٹر بن کر کلینکس چلا رہے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ 60غیر قانونی میڈیکل سٹورز’ 50 سے زائد ڈینٹل’ 40سے زائد مطب’ درجن بھر ہومیو پیتھک کلینکس’ 30سے زائد غیر رجسٹرڈ لیبارٹریاں’ 14میٹرنٹی ہوم’ 13روایتی ہڈی جوڑ مراکز کو بھی سیل کیا گیا۔ پنجاب ہیلتھ کمشن ذرائع نے بتایا کہ عطائیت کیخلاف بھرپور کارروائیوں کے دوران 232 مالکان نے کاروبار کو بند یا دوسری جگہ تبدیل کر لیا۔ جبکہ ایک ہزار سے زائد علاج گاہوں کو زیرنگرانی رکھا گیا ہے کیونکہ چھاپوں کے دوران مذکورہ مراکز صحت پر مستند ڈاکٹرز موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں