معمولی جھگڑے پر ادھیڑ عمر شخص قتل،نہر سے نوجوان کی نعش برآمد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر اینٹ لگنے سے ادھیڑ عمر شخص قتل جبکہ سفاک افراد نے نوجوان کا سرتن سے جدا کر کے نعش نہر برد کر دی’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ 2چک رام دیوالی میں کبوتر اڑانے پر ظفر اقبال اور اس کے ہمسائے حشمت علی کے درمیان معمولی جھگڑا ہوا تو بات تلخ کلامی اور گالم گلوچ تک پہنچی تو ظفر اقبال وغیرہ نے اینٹ ماری جو کہ 60سالہ حشمت علی ولد نظام دین کے سر میں لگی اور وہ بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ تاندلیانوالہ کے علاقہ 502 گ ب میں نامعلوم سفاک افراد نے نوجوان کو بے دردی سے قتل کر کے اس کا سرتن سے جدا اور ہاتھ کاٹ کر نعش کو بوری میں بند کر کے نہر میں پھینک دیا۔ تاہم بوری بند تیرتی نعش دیکھ کر لوگوں نے ریسکیو1122 کو اطلاع کی۔ ریسکیو ٹیموں نے بوری کو باہر نکالا تو اس میں نوجوان کی سر کٹی اور ہاتھ کٹی نعش تھی۔ تاہم پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر اندھے قتل کا سراغ لگانے کیلئے مقتول کے ورثاء اور نامعلوم سفاک قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں