مبینہ پولیس مقابلہ،اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہونیوالا ڈاکو گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ پل ڈینگرو کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈکیت اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے چار ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نشاط آباد کا اے ایس آئی غلام یٰسین اپنے عملہ کے ہمراہ پکڑے جانیوالے ڈکیتی کے ملزم محمد عامر ولد بوٹا سکنہ 100 ج ب کڑی والا کو 49 ج ب منڈا پنڈ سے ریکوری کے بعد واپس آ رہے تھے جب وہ 50 ج ب بوڑیوال کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سوار چار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ساتھی عامر کو چھڑوا کر پھٹیاں والا پل نہر کی طرف بھاگے، ریسکیو15 پر اطلاع کرتے ہوئے پولیس پارٹی نے ملزمان کا تعاقب کیا، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور پل ڈینگرو کے قریب آمنا سامنا ہوا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر دوبارہ فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو جھاڑیوں میں ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جسکی شناخت عامر ولد بوٹا کے نام سے ہوئی جسکو دوبارہ گرفتار کر کے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 14 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں