اسلام آباد (بیوروچیف)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اسرائیل کے فلسطینیوں کو پھانسی دینے کے قانونی کی منظوری کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ایک بیان میں طاہر اشرفی نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو پھانسی دینے کا قانون منظور کرلیا، یہ اقدام انتہائی افسوسناک ہے، اہل فلسطین کیخلاف نئے قوانین اسرائیل کی بربریت کو ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 32 دن سے مسجد الاقصی بند ہے اور فلسطینیوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، عالمی برادری اسرائیل کے ظالمانہ قوانین کے خلاف آواز بلند کرے۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کو موثر کردار ادا کرنا ہوگا، فلسطینیوں پر اسرائیلی قوانین کا اطلاق غیر قانونی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کو امن کے لیے مل کر کردار ادا کرنا چاہیے، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی ضرورت ہے، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔



