پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ کرنے پر آئل ڈپو،پٹرول پمپ سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے پٹرولیم بحران کے دوران پٹرول’ ڈیزل کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کرنیوالے آئل ڈپو اور پٹرول پمپ کو سیل کرتے ہوئے 12کروڑ سے زائد مالیت کا پٹرول اور ڈیزل قبضہ میں لے لیا۔ تفصیل کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کے ایس ایچ او اجمل حسین نے اپنی ٹیم انسپکٹر وسیم اکرم’ انسپکٹر کاشف حسین’ انسپکٹر عثمان اسلم اور دیگر کے ہمراہ مختلف مقامات ڈیزل اور پٹرول کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ریلوے کالونی میں رزاق گجر کے غیر قانونی گودام میں چھاپہ مار کر دس آئل ٹینکر کو پکڑ لیا جہاں پر ایک لاکھ لیٹر ڈیزل جسکی مالیت تقریباً ساڑھے تین کروڑ تھی، برآمد کر کے گودام کو سیل کر دیا۔ جھنگ روڈ پر لاہور پٹرولیم سے دو آئل ٹینکرز کو پکڑ لیا۔ جس کی مالیت 2 کروڑ 70لاکھ کے لگ بھگ ہے اور ڈرائی پورٹ کے قریب جواد کے گودام سے تین آئل ٹینکر میں لدا زیرزمین ٹینک میں ڈیزل بھی قبضہ میں لے کر گودام کو سیل کر دیا۔ جھمرہ روڈ پر اعظم کے گودام سے آئل ٹینکر قبضہ میں لیا جس میں آئل موجود نہ تھا، تاہم گودام کو سیل کر دیا۔ علاوہ ازیں ساہیوال روڈ پر 15آئل ٹینکرز کی موجودگی میں کارروائی کرتے ہوئے 6کروڑ سے زائد مالیت کا آئل قبضہ میں لے کر کارروائی کی گئی۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی قلت پیدا کرنے اور عوامی مفادات کیخلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں