فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے عدالتوں میں بائیومیٹرک سسٹم کے نفاذ کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد نے کل 06 اپریل 2026 ء بروز سوموار کو ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے میاں طارق محمود ایڈووکیٹ اور سیکرٹری چوہدری کلیم اللہ گل ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے بائیومیٹرک کے جبری نفاذاور وکلاء نمائندگان کو اعتماد میں لیے بغیراور مجوزہ SOP,sکی تیاری کے بغیر اس سسٹم کا اطلاق سراسر غیر مناسب اور خلافِ قانون ہے۔ بار انتظامیہ کی طرف سے ذیل نکات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیاہے۔ بائیومیٹرک سسٹم کی وجہ سے سائلین اور وکلاء کو شدید ذہنی و قانونی دشواریوں کا سامنا ہے جبکہ نادرا کی سہولت کی عدم دستیابی کے باعث قانونی عمل میں تعطل پیدا ہو رہا ہے اور فوجداری مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کے لیے بائیومیٹرک کی شرط، جو کہ پہلے سے جوڈیشل ریمانڈ پر ہوں، اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کے منافی ہے۔ لہٰذا وکلا کی مشاورت کے بغیر یکطرفہ طور پر نافذ کیے گئے بائیومیٹرک سسٹم کے خلاف کل فیصل آباد کے وکلاء مکمل دن احتجاجی ہڑتال کرینگے اور عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے۔




